غزہ میں اسرائیلی وحشت سے خوفزدہ بچوں کو فلسطینی لڑکی گانے سے بہلانے لگی

غزہ:مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں اسرائیلی جہازوں کی وحشت سے متاثرہ بچوں کو فلسطینی لڑکی گٹار (اوڈ) کی مدد سے گانا گا کر بہلانے لگی۔اسرائیل کی غزہ میں بربریت کی وجہ سے لاکھوں فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں جو اپنی جانیں بچانے کیلئے مختلف علاقوں میں خانہ بدوشی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، سر پر اڑتے جنگی جہازوں کی گھن گرج کی وجہ سے فلسطینی بچے خوف میں مبتلا ہیں، ایسے میں پناہ گزینوں کے کیمپ رفاہ میں ایک ایسی لڑکی بھی ہے جو بچوں کے مرجھائے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر رہی ہے۔رویا حسونہ مشرقی وسطیٰ میں بجائے جانے والے گٹار نما میوزک انسٹرومنٹ ’اوڈ‘ کی ماہر ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں رویا اپنے فن سے بچوں میں جنگی جہازوں کا خوف کم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، رویا حسونہ کے ارد گرد موجود بچے بھی گانا گا کر موسیقی سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ایک انٹرویو میں رویا کا کہنا ہے کہ کوئی بھی بچہ میرے میوزک سے لطف اٹھا سکتا ہے اور میرا خیال ہے کہ جنگی جہازوں کا شور کم کرنے کیلئے میں یہ سب سے اچھی چیز کر رہی ہوں کیونکہ موسیقی کے وقت بچے جہازوں کا شور بھول جاتے ہیں اور میرے ساتھ اوڈ کی تال پر گانا گاتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں